اسلام آباد:حکومت پاکستان کے وژن کے تحت پاکستان کے ٹیکس کے نظام کو جدید بنانے کی راہ میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے ایف بی آر نے ادائیگیوں کا ایک نیا سسٹم ePayment 2.0متعارف کرا دیا ہے۔
ادائیگیوں کا یہ نیا سسٹمIRIS 2.0 پورٹل میں دستیاب ہے۔ یہ ایک جدید پلیٹ فارم ہے جو پاکستان بھر کے ٹیکس دہندگان کے لیے ٹیکس کی ادائیگی کے عمل کو آسان بناتا ہے، اس سسٹم سے صارفین کو اپنے بینک اکاؤنٹس سے انٹرنیٹ بینکنگ، اے ٹی ایم اور موبائل بینکنگ کے ذریعے محفوظ، مؤثر اور آسان آن لائن ادائیگی کی سہولت میسر ہو گی جس سے بینک جانے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔
ریونیو مینجمنٹ میں ePayment 2.0ایک اہم پیش رفت ہے جو کہ انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور ود ہولڈنگ ٹیکس جیسے مختلف اقسام کے ٹیکسوں کا احاطہ کرتی ہے۔
اس سے پہلے ٹیکس دہندگان کو IRIS 2.0 سے باہر ایک علیحدہ ePayment سسٹم استعمال کرنا پڑتا تھا جس میں مختلف پورٹلز کے درمیان تبادلہ شامل ہوتا تھا۔ اب ePayment 2.0 کے ذریعے ایف بی آر نے ایک متحد اور بہتر یوزر فرینڈلی انٹرفیس فراہم کیا ہے جو IRIS 2.0 میں براہ راست دستیاب ہے۔
ایک منفرد پیمنٹ سلپ آئی ڈی (PSID) جنریٹ کرکے یہ سسٹم دونوں رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کے لیے فوری اور آسان ادائیگی کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ ادائیگی مکمل ہونے پر تصدیق شدہ کمپیوٹرائزڈ پیمنٹ رسید (CPR) ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے جاری کی جاتی ہے اور اسے IRIS 2.0 سسٹم میں مستقبل کے استعمال کے لیے آسانی سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
یہ سسٹم ایک محفوظ اور درست ملٹی اسٹیپ ورک فلو کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو PSID جنریٹ کرنے، اے ڈی سی چینلز کے ذریعے ادائیگی مکمل کرنے اور فوری طور پر کمپیوٹرائزڈ پیمنٹ رسید (CPR) وصول کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ شفافیت اور جوابدہی کو بڑھانے کے لیے اس میں جامع PSID سرچ فیچر بھی شامل ہے، جس سے ٹیکس دہندگان کو ادائیگی کا ریکارڈ آسانی سے حاصل اور تصدیق کرنے کی سہولتموجود ہے۔
ڈائریکٹر جنرل (آئی ٹی اور ڈی ٹی) عائشہ فاروق نے اسلام آباد میں PRAL ہیڈکوارٹر میں ePayment سسٹم کا افتتاح کیا۔ ان کی موجودگی سے ایف بی آر کے جاری جدیدیت کے منصوبوں میں اس ڈیجیٹل پیش رفت کی اسٹریٹیجک اہمیت اجاگر ہوتی ہے، اس نئے سسٹم سے ٹیکس دہندگان کی سہولت اور آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔