پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے گستاخانہ اور فحش مواد پھیلانے والی ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کو تیز کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے نے انٹرنیٹ پر موجود غیراخلاقی مواد کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے اب تک 100,183 گستاخانہ یو آر ایل اور 844,008 فحش ویب سائٹس کو بلاک کر دیا ہے تاکہ ان مواد کو ملکی سطح پر پھیلنے سے روکا جا سکے۔
پی ٹی اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ اور غیر اخلاقی مواد پھیلانے والی ویب سائٹس کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پی ٹی اے شہریوں اور حکومتی اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر بھی کارروائی کرتے ہوئے ان ویب سائٹس کو بلاک کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق روزانہ تقریباً 20 ملین فحش ویب سائٹس تک رسائی کی کوشش کی جاتی ہے، جو بین الاقوامی گیٹ وے پر بلاک ہیں۔ اس کے باوجود صارفین ان ویب سائٹس تک رسائی حاصل کرنے کے لیے وی پی این کا استعمال کرتے ہیں۔ پی ٹی اے اس مواد کو مؤثر طریقے سے روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس مسئلے کو روکنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے کہ ملک میں اخلاقی اور قانونی حدود کے مطابق انٹرنیٹ کا استعمال کیا جائے اور عوام کو ان ویب سائٹس سے بچایا جائے جو معاشرتی اور اخلاقی اعتبار سے نقصان دہ ہیں۔