شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم ٹو اسلام آباد سے لاہور کی جانب جانے والی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد نے کہا کہ موٹروے ایم2 لاہور سے کوٹ مومن تک دھند اور سموگ کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔
لاہور سیالکوٹ موٹروے کو بھی دھند اور اسموگ کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے، ترجمان کے مطابق موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی جان و مال کی حفاظت ہے۔
شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ دھند کہ اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ترجمان موٹر وے کا کہنا ہے کہ اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کر کے دھند کے آغاز سے پہلے اپنی منزل مقصود تک پہنچ جائیں۔
سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔اس کے علاوہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔