وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے حج پالیسی 2025 کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سال حج کے لیے ایک لاکھ 79 ہزار 210 افراد کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ پہلی بار حج ادائیگی کے لیے قسطوں کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت درخواست گزار 2 لاکھ روپے کے ساتھ ابتدائی درخواست جمع کروا سکیں گے جبکہ باقی رقم کی ادائیگی قرعہ اندازی کے بعداور حج سے قبل فروری تک کرنی ہوگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پہلی بار حج کرنیوالوں کو ترجیح دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کوٹے کا نصف یعنی 79 ہزار 600 سیٹیں سرکاری اور نجی حج آپریٹرز کے درمیان برابر تقسیم کی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حج کے دوران وفات پانے والے حاجیوں کے ورثا کو زر تلافی میں اضافہ کر دیا گیا ہےجو کہ اب 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ کم سن بچے (12 سال سے کم عمر) اس سال حج کے لیے نہیں جا سکیں گے۔ تاہم خواتین عازمین کو مشروط طور پر بغیر محرم کے حج کی اجازت دی جائے گی۔
حج کے اخراجات کے بارے میں چوہدری سالک حسین نے بتایا کہ حج پیکجز کی قیمت 10 لاکھ 75 ہزار سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے کے درمیان ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ سال حج کرنے والے حاجیوں کے بقایا جات کے حوالے سے سعودی حکام سے مذاکرات جاری ہیں اور اس پر جلد پیش رفت متوقع ہے۔