پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ صوابی جلسے میں امریکی جھنڈا لانے والا شخص پی ٹی آئی کا کارکن نہیں تھا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ امریکی جھنڈا لانے والا شخص کسی اور پارٹی سے تعلق رکھتا تھا اور اسے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ مخالفت ہر جگہ ہوتی ہے مگر عمران خان کی رہائی کے لیے پی ٹی آئی کے تمام کارکن متحد ہیں۔
شیر افضل مروت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور پر الزامات کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ یہ الزامات پی ٹی آئی کو کمزور کرنے کے لیے لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوابی کا جلسہ بہت متاثر کن تھا اور اس جلسے کا اہتمام علی امین گنڈا پور نے ذاتی اخراجات سے کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور پر الزامات پارٹی کو نقصان پہنچانے کے لیے لگائے جا رہے ہیں اور حقیقت میں یہ جلسہ پارٹی کے لیے ایک طاقتور مظاہرہ تھا۔