تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کشمیر ہاؤس پہنچ کر چوہدری شیر علی کی عیادت کی۔ اس موقع پر عابد شیر علی نے رانا ثنا اللہ کا استقبال کیا جبکہ رانا ثنا اللہ کے ہمراہ ڈویژنل صدر ن لیگ حاجی اکرم انصاری، میاں عبدالمنان اور پی پی 115 کے ٹکٹ ہولڈر خواجہ رضوان بھی چوہدری شیر علی کی عیادت کے لیے پہنچے ۔
چوہدری شیر علی، میاں نواز شریف کے رشتہ دار بھی ہیں اور کچھ عرصہ دبئی میں زیر علاج رہنے کے بعد فیصل آباد واپس آئے ہیں۔
رانا ثنا اللہ کی کشمیر ہائوس آمد اس بات کا اشارہ ہے کہ مسلم لیگ ن کے اندر دو بڑے دھڑوں کے درمیان تنازعات اور اختلافات کے باوجود بات چیت اور صلح کی کوششیں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ عام انتخابات کی مہم کے دوران موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف، ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف اور موجودہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی دونوں سیاسی دھڑوں کے درمیان صلح کی کوششیں کی تھیں۔
دونوں دھڑوں میں اپنے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ دلوانے کی کھینچا تانی ماضی میں کشیدگی کا باعث رہی تھی، تاہم حالیہ ملاقاتوں سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ پارٹی میں ایک نئے اتحاد کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔