پاسپورٹ فیس میں اضافے کی خبروں پر ترجمان پاسپورٹ آفس کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
ترجمان نے پاسپورٹ فیس میں مزید اضافے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی خبریں بے بنیاد ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے ترجمان نے ایک بیان میں وضاحت دی کہ پاسپورٹ فیس میں آخری بار 7 مارچ کو اضافہ کیا گیا تھا، اور اس کے بعد کوئی نیا اضافہ نہیں کیا گیا۔
اس وقت کے مطابق 36 صفحات والے پانچ سالہ پاسپورٹ کی فیس نارمل کیٹگری میں 4500 روپے، ارجنٹ کیٹگری میں 7500 روپے، اور فاسٹ ٹریک کی فیس 12,500 روپے ہے۔اسی طرح 72 صفحات والے پانچ سالہ پاسپورٹ کی فیس نارمل کیٹگری میں 8200 روپے، ارجنٹ کیٹگری میں 13,500 روپے، اور فاسٹ ٹریک کی فیس 18,500 روپے ہے۔
گمشدہ پاسپورٹ کے حوالے سے پہلی بار گم ہونے پر نارمل کیٹگری کی فیس 9,000 روپے ہے، جبکہ دوسری اور تیسری بار گم ہونے کی صورت میں فیس بالترتیب ڈبل اور ٹرپل ہوجاتی ہے۔ پاسپورٹ کی فیس کا تعین اس کی کیٹگری اور صفحات کی تعداد کے مطابق کیا جاتا ہے، اور 36، 72 اور 100 صفحات والے پاسپورٹس کی فیس مختلف ہوتی ہے۔