آئی ٹی پارک منصوبے سے 10 ہزار نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، وزیراعظم

آئی ٹی پارک  منصوبے سے 10 ہزار نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، وزیراعظم

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ٹی پارک سہولتوں کے اعتبار سے نہ صرف پاکستان بلکہ اس خطے کا جدید ترین پارک ہوگا، منصوبے سے 10 ہزار نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں زیرِ تعمیر ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی کام کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس آئی ٹی پارک کے ذریعے 10 ہزار نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی پارک کی تعمیر پر 25 ارب روپے کی لاگت آئے گی، اور اس منصوبے میں جنوبی کوریا کی حکومت کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ آئی ٹی پارک سہولتوں کے اعتبار سے نہ صرف پاکستان بلکہ اس خطے کا جدید ترین پارک ہوگا۔

شہباز شریف نے بتایا کہ اس پارک میں 120 دفاتر ہوں گے، جبکہ ایک بزنس سپورٹ سینٹر بھی قائم کیا جائے گا۔ تعلیمی اداروں اور ماہرین کے ساتھ قریبی روابط قائم کیے جائیں گے تاکہ یہاں کی ترقیاتی سرگرمیاں جدید ٹیکنالوجی اور صنعت کے تقاضوں کے مطابق ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی پارک اسلام آباد پاکستان کا پہلا کیٹیگری 3 کا ٹیکنالوجی پارک ہوگا، جو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر 24 گھنٹے کام کرنے کا نظام متعارف کرایا گیا تھا، اور اسلام آباد کے اس آئی ٹی پارک پر بھی اسی رفتار سے کام جاری ہے تاکہ منصوبے کی جلد تکمیل ہو سکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے سخت محنت کرنا ضروری ہے، اور اسی جذبے کے تحت انہوں نے ہفتے اور اتوار کی چھٹیاں ترک کر دی ہیں۔ انہوں نے منصوبے کی تیز تکمیل کے لیے پروجیکٹ ٹیم اور وزارت آئی ٹی سے مزید اقدامات کی درخواست کی۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے مالی سال 2024-2025 کے بجٹ میں آئی ٹی کے مختلف منصوبوں، آئی ٹی پارکس کے قیام، اور سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے 79 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *