پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے بھارتی میڈیا رپورٹس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین کرکٹ بورڈ نے چیمئنز ٹرافی 2025 کے لیے اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کیا تو ہم سے بھی اچھے کی امید نہ رکھے۔
محسن نقوی نے لاہور میں قذافی اسٹیڈیم کا دورہ اور اسٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ہم سے ہائبرڈ ماڈل پر کوئی بات نہیں ہوئی۔
بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہ آنے کی تحریری اطلاع نہیں دی، اگر بی سی سی آئی کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے پر اعتراض ہے تو تحریری طور پر بتائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی میڈیا 2 ماہ سے کہہ رہاہے کہ ان کی ٹیم نہیں آرہی، ہم چاہتے ہیں کہ کرکٹ سیاست سے صاف ہو، چیمپئنز ٹرافی کے لیے تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری رکھیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بھارت نے انکار کیا تو مجھے اپنی حکومت سے رجوع کرنا پڑے گا، اگر بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے تحریری طور پر کچھ آیا تو حکومت کے پاس جاؤں گا، بھارت نے انکار کیا تو ہم سے بھی اچھے کی امید نہ رکھے۔