محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک جبکہ چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشنگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا۔ تاہم شام یا رات کے وقت چترال، دیر، سوات اور گردونواح میں جزوی ابرآلود موسم ہو سکتا ہے اور چند مقامات پر ہلکی بارش یا بلندو بالا پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے مگر سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، اوکاڑہ، سرگودھا، جھنگ، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، رحیم یارخان، ڈی جی خان اور گردونواح میں سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ منگلا، راولپنڈی، چکوال، جہلم، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور دیگر علاقوں میں صبح کے اوقات میں دُھند پڑنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گامگر پہاڑی علاقوں میں صبح یا رات کے اوقات میں سردی بڑھنے کی توقع ہے۔
سندھ میں زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں جزوی ابرآلود موسم کے ساتھ شام یا رات کے وقت ہلکی بارش اور بلند و بالا پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ ان علاقوں میں جہاں سموگ اور دھند کی پیش گوئی کی گئی ہے، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔