وزارت مذہبی امور کی جانب سے وزارت مذہبی امور نے نئی حج پالیسی تیار کر لی ہے، جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت نے کابینہ کو حج پالیسی ارسال کی تھی، جسے منظور کر لیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حج پیکج کے لیے ایک نئی اسکیم متعارف کرائی جا رہی ہے جس کے تحت افراد کو پیکج کی رقم تین آسان اقساط میں ادا کرنے کی سہولت ملے گی۔
ابتدائی طور پر درخواست جمع کرانے کے لیے تقریباً 2 لاکھ روپے کی فیس جمع کرانا ضروری ہوگا۔ حج قرعہ اندازی میں منتخب ہونے کے بعد 50 فیصد رقم کی ادائیگی لازمی ہوگی، جبکہ باقی رقم حج کی فلائٹ سے کم از کم ڈھائی ماہ قبل متعلقہ بینک میں جمع کرانا ضروری ہوگا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ 12 سال سے کم عمر بچے اور مختلف بیماریوں کے شکار افراد حج کے لیے درخواست نہیں دے سکیں گے۔ اس کے علاوہ، حج کے دوران کسی حاجی کے انتقال کی صورت میں زرتلافی کی رقم میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جو اب 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔
پرائیویٹ حج آرگنائزروں کو ہر حاجی کی انشورنس کرانا بھی ضروری قرار دے دیا گیا ہے۔خواتین کے لیے محرم کے بغیر حج پر جانے کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ تاہم شادی شدہ خواتین کو شوہر اور غیر شادی شدہ خواتین کو والدین سے اجازت نامہ لینا ضروری ہوگا۔