خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے سے تعلق رکھنے والے پاک فوج اور ایف سی کے شہداء کے لواحقین کے لیے مالی پیکج دینے کا بھی فیصلہ کر لیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت پشاور میں اپیکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، کور کمانڈر پشاور اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں امن و امان کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ پولیس کو لیڈ رول دینے، بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کرنے اور خالی آسامیوں پر بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے پاک فوج اور ایف سی کے شہداء کے لواحقین کے لیے مالی پیکج دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ سپاہیوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے جبکہ افسران کے لواحقین کے لیے 20 لاکھ روپے مقرر کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا، اور وزیراعلیٰ نے امن کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔ اجلاس میں امن و امان کی خاطر شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔