خیبر پختونخوا حکومت کا عوام کیلئے بلاسود احساس قرض اسکیم کا آغاز

خیبر پختونخوا حکومت کا عوام کیلئے بلاسود احساس قرض اسکیم کا آغاز

خیبرپختونخوا حکومت نے عوام دوست اقدام اٹھاتے ہوئے بلا سود احساس قرض سکیم شروع کرنے کے لیے تمام ایکشن پوائنٹس مکمل کر لیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم کی زیر صدارت گزشتہ روزسول سیکرٹریٹ میں بلاسود احساس قرضہ سکیم کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیر ہاؤسنگ خیبر پختونخوا ڈاکٹر امجد علی، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت طفیل انجم اور سیکرٹری زکوٰۃ نذر حسین شاہ اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بلاسود احساس قرضہ اسکیم کے تحت پانچ سال تک کے قرضے فراہم کیے جائیں گے جب کہ چھوٹے کاروبار اور مکانات کی تعمیر کے لیے بھی بلا سود قرضے دیے جائیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ احساس قرضہ سکیم سے کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہونگے گا اور صوبے میں غربت کا خاتمہ ممکن ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اخوت آرگنائزیشن عوام کو احساس قرضہ سکیم کی فراہمی میں معاونت کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاسود قرضہ سکیم پہلے مرحلے میں ایک ارب روپے سے شروع ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاسود احساس قرضہ اسکیم کے تحت پہلے سال 5 لاکھ روپے تک کا قرض دیا جائے گا۔

متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے ریمارکس دیے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اس ماہ تک احساس قرض اسکیم کے لیے اپنی مفاہمت کی یادداشت مکمل کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاسود احساس قرض اسکیم 2022 میں اس وقت کی کے پی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی قرض اسکیم کا تسلسل ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *