کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لئے اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔
29 سالہ جوش انگلس گرین شرٹس کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں میزبان آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ جوش انگلس کو مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ کی غیر موجودگی میں پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے عبوری کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
سلیکٹرز کی سفارش اور بورڈ کی منظوری کے بعد جوش انگلس کو ٹی ٹونٹی اسکواڈ کا کپتان بنایاگیا ہے، وہ آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے 14ویں کپتان ہوں گے۔مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ کو آرام کی غرض سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ کے کپتان پیٹ کمنز اور ٹیسٹ کے نائب کپتان سٹیون اسمتھ بھی بارڈر۔گاوسکر ٹرافی کی تیاریوں کی وجہ سے گرین شرٹس کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لئے 13 رکنی آسٹریلوی اسکواڈ میں کپتان جوش انگلس،شان ایبٹ، زیویئر بارٹلیٹ، کوپر کونولی، ٹم ڈیوڈ، ناتھن ایلس، جیک فریزر میک گرک، ایرون ہارڈی، سپینسر جانسن، گلین میکسویل، میتھیو شارٹ، مارکس سٹونیس اور ایڈمزمپا شامل ہیں۔
آسٹریلیا اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا آغاز 14 نومبر کو برسبین میں کھیلے جانے والے پہلے میچ سے ہوگا۔