بجلی کی اضافی قیمتوں کے باعث ملک بھر میں سولر پینلز لگوانے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔
نیپرا کی اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ مالی سال 23 کے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں سب سے زیادہ سولر پینلزاور نیٹ میٹر لگوانے والوں میں لاہور سرفہرست ہے،لیسکو میں مالی سال 2023 میں 19ہزار سے زائد صارفین نے نیٹ میٹر لگوائے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد کے شہری نیٹ میٹرنگ میں دوسرے نمبر پر رہے، آئیسکو نے مالی سال 2023 میں 14 ہزار 958 صارفین نے نیٹ میٹر لگوائے، ملک کا سب سے بڑا شہرکراچی نیٹ میٹرنگ میں تیسرے نمبر رہا، کراچی میں مالی سال 23 میں نیٹ میٹرز کی تعداد 4512 رہی،مالی سال 24 میں اس میں تقریباً 50فیصد اضافہ ہوا جو اب تک 6300 کے قریب پہنچ گئی ہے۔
ملک بھر میں مجموعی طور پر مالی سال 2023 میں 48 ہزار 689 نیٹ میٹر لگے۔ نیٹ میٹر میں کمرشل کی تعداد ملک بھر میں 4 ہزار 229 ہے جبکہ صنعتی صارفین کی تعداد 2 ہزار 303 ہے، نیٹ میٹرز لگوانے والوں میں زیادہ تعداد رہائشی صارفین کی ہے۔
صنعتی علاقوں میں بھی نیٹ میٹرز لگوانے والوں کی تعداد میں دگنا اضافہ دیکھا گیا ہے، کراچی میں بڑی تعداد میں نیٹ میٹرز لگنے سے کچھ علاقوں میں مزید نیٹ میٹرنگ لگنا ممکن نہیں رہا ہے، ان علاقوں میں ڈی ایچ اے،گلشن اقبال،محمد علی سوسائٹی، پی ای سی ایچ ایس، کلفٹن، کورنگی،ایف بی ایریا اور نارتھ کراچی شامل ہے۔
سال 2024 میں پاکستان نے 17گیگاواٹ سولر پینل درآمد کیا ہے، مقامی مارکیٹ میں دو ہفتوں سے سولر پینلز کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا گیا ہے۔
دو ہفتے قبل 585واٹ بائی فشل فی پینل کی قیمت گھٹ کر 16ہزار روپے پر آگئی تھی،پینلز کی قلت پیدا کرکے 585واٹ بائی فشل کی قیمت بلاجواز 2250روپے بڑھائی گئی ہے،مارکیٹ میں 585واٹ بائی فشل سولر پینل 18250روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔