فیسکو نے بجلی کے بلوں کی قسطوں پر پابندی عائد کر دی

فیسکو  نے بجلی کے بلوں کی قسطوں پر پابندی عائد کر دی

فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے صارفین کے لیے بجلی کے بلوں کی قسطوں پر ادائیگی کی سہولت ختم کر دی۔

تفصیلات کے مطابق فیسکو نے صارفین کیلئے بجلی کے بلوں کی قسطوں پر پابندی عائد کر دی جس سے صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ فیسکو حکام کے مطابق قسطوں کی سہولت سے ریونیو پر منفی اثرات مرتب ہو رہے تھے، جس کے نتیجے میں نیپرا کی ہدایت پر یہ پابندی لگائی گئی ہے۔

فیسکو کے کمرشل چیف مبشر نے بتایا کہ نیپرا کی ہدایت پر بجلی بلوں کی اقساط پر پابندی عائد کی گئی ہے اور صارفین پر جرمانوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مقررہ تاریخ تک بلوں کی ادائیگی نہ کرنے پر جرمانے بھی ڈبل کر دیے گئے ہیں، جس سے پہلے ہی مہنگی بجلی سے پریشان عوام پر مزید بوجھ پڑا ہے۔

دوسری جانب کراچی کے صارفین پر ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ستمبر کے مقابلے نومبر میں کے الیکٹرک صارفین کو ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں 2.17 روپے فی یونٹ اضافی دینا ہوگا اور نومبر میں جون 2024 کی ایڈجسٹمنٹ میں کے ای صارفین کو 3.17 روپے فی یونٹ دینے ہوں گے۔ اس کے نتیجے میں نومبر میں کے ای صارفین کو سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ملا کر 4.91 روپے فی یونٹ ادا کرنا پڑے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اکتوبر میں کے ای صارفین کے لیے مئی 2024 کی ایڈجسٹمنٹ کا بوجھ 2.59 روپے فی یونٹ تھا جبکہ ستمبر 2024 میں یہ بوجھ ایک روپے فی یونٹ تھا۔ نومبر میں سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 1.74 روپے فی یونٹ اضافی چارج کیے جائیں گے جو کہ اپریل سے جون 2024 کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت وصول کیے جائیں گے۔

دسمبر 2024 میں کے ای صارفین کو جولائی 2024 کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 3.03 روپے فی یونٹ اضافی دینا ہوگا۔ علاوہ ازیںنیپرا سے اگست 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے فیصلے کا بھی انتظار ہے، جس میں کے الیکٹرک نے 51 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *