پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کی انجری تشویشناک نہیں اور وہ اگلے میچ تک مکمل طور پر فٹ ہو جائیں گے۔
ٹیم ذرائع کے مطابق نسیم شاہ کو میلبورن میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کے دوران بولنگ کے دوران کریمپس پڑ گئے تھے، جس کی وجہ سے وہ اپنا آٹھواں اوور مکمل نہیں کر سکے اور میدان سے باہر چلے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ نسیم شاہ کے کریمپس پڑنے کی وجہ سے ان کی انجری زیادہ سنگین نہیں اور اگلے میچ تک فٹ ہوجائیں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا جس میں نسیم شاہ کی شرکت متوقع ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کر لی ہے۔