پاکستان میں کم لاگت کے حوالے سے مشہور ائیر لائن ‘ فلائی جناح ‘نے اپنے انٹر نیشنل نیٹ ورک کو مزید وسعت دیتے ہوئے لاہور سے سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض تک نئی پروازوں کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلائی جناح پاکستان میں سب سے کم لاگت والی ائیر لائن کی حیثیت رکھتی ہے اور حال ہی میں اپنے مسافروں کی سہولت میں اضافہ کرتے ہوئے 15 نومبر سے نئے انٹر نیشنل روٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے تحت ہفتہ میں دو بار پیر اور جمعہ کو لاہور سے ریاض فلائٹ اپریٹ کی جائیگی۔ اور یہ فلائٹ اپریشن 6 دسمبر سے، تین ہفتہ وار پروازوں تک بڑھ جائے گی، دونوں شہروں کے درمیان رابطے کو مزید بڑھانے کے لیے اتوار کو شامل کیا جائے گا۔
فلائی جناح کے ترجمان نے کہا ہے کہ “لاہور سے ریاض تک ہمارے نئے روٹ کا آغاز ہمارے مسافروں کے لیے بغیر کسی رکاوٹ کے اور آسان سفری سہولیات کو یقینی بنانے کے لیئے ہمارے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ اضافہ مسافروں کو زیادہ آرام اور سستی سروس فراہم کرے گا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان رابطے کو مضبوط کریگا ہے اور اقتصادی تعاون اور تجارت میں اضافہ کی راہ بھی ہموار کریگا۔
یہ اضافہ خلیجی خطے میں فلائی جناح کی مسلسل ترقی کی نشاندہی کرتا ہے۔ سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض کے لیے ان نئی نان اسٹاپ پروازوں کے علاوہ، جناح ایئر لائن لاہور سے شارجہ کے لیے پروازیں بھی چلاتی ہے، ساتھ ہی اسلام آباد سے بحرین، مسقط اور شارجہ کے لیے بھی خدمات فراہم کرتی ہے۔
پانچ ایئربس A320 طیاروں کے جدید بیڑے کے ساتھ، فلائی جناح پاکستان کے پانچ بڑے شہروں: کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ میں خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ ایئر لائن اپنے صارفین کو غیر معمولی خدمات اور قدر پر مبنی مصنوعات فراہم کرتے ہوئے اپنے نیٹ ورک کو بڑھا رہی ہے۔