آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پہلے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دیدی

آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پہلے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دیدی

آسٹریلیا نے پاکستان کو 3 میچوں کی سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان کی جانب سے 204رنز کا ہدف دیا گیا جو آسٹریلیاکی ٹیم نے 33.3اوورز میں پورکرلیا،مچل اسٹارک کو 3 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم 46.4 اوورز میں 203 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
کم ہدف کے باوجود پاکستانی باؤلرز کی عمدہ کارکردگی نے میچ کو دلچسپ بنادیا تاہم قومی ٹیم میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی، آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 33.3 اوورز میں 8 وکٹوں پر پورا کرلیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے جیک فریزر میکگورک اور میتھیو شارٹ نے اننگز کا آغاز کیا، شارٹ ایک اور جیک 16 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔28 رنز پر ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد اسٹیو اسمتھ اور جوش انگلیس نے 85 رنز کی شراکت قائم کی، جوش انگلس 49 اور اسٹیو اسمتھ 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

میچ بظاہر پاکستان کے کنٹرول سے باہر جاچکا تھا تاہم حارث رؤف سمیت دیگر باؤلرز کی کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت میچ ایک بار پھر سے دلچسپ ہوگیا،حارث رؤف نے پہلے اسٹیو اسمتھ کو پویلین بھیجا جس کے بعد مارنس لبوشین کو 16 اور گلین میکسویل کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین بھیج کر آسٹریلیا کی مشکلات میں اضافہ کیا۔

32ویں اوورز میں فاسٹ باؤلر نسیم شاہ ان فٹ ہوکر میدان سے باہر چلے گئے، ان کا اوور محمد حسنین نے مکمل کیا،پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، شاہین آفریدی نے 2، محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، عبداللہ شفیق کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے والے صائم ایوب 3 رنز کے مجموعی اسکور پر صرف ایک رن بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔کچھ دیر بعد عبداللہ شفیق نے بھی انہیں ڈریسنگ روم میں جوائن کرلیا، وہ 12 رنز ہی بناسکے، آسٹریلیا کی جانب دونوں وکٹیں مچل اسٹارک نے حاصل کیں۔

سابق کپتان بابراعظم بظاہر اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کررہے تھے لیکن جیسے ہی اسپنرز کو باؤلنگ کے لیے لیا گیا، وہ ایڈم زمپا کو پہلے ہی اوور میں وکٹ دے بیٹھے، بابر 37 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

کپتان محمد رضوان کی ہمت 44 رنز پر جواب دے گئی، کامران غلام 5 اور نائب کپتان سلمان علی آغا 12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، شاہین آفریدی نے 24 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے آخری لمحات میں جارحانہ اننگز کھیلی، انہوں نے 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *