مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی خریداری پر غور کے حوالے سے بات کی تھی اور اس پر مزید کام کرنے کا ارادہ ہے۔
لندن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اگر یہ منصوبہ عملی جامہ پہنے تو ملک کو ایک اچھی ایئر لائن میسر آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکز اور پنجاب میں مثبت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور پاکستان کی معیشت دوبارہ ٹریک پر آ رہی ہے، جبکہ معاشی اشاریے بھی بہتر ہو رہے ہیں۔
نواز شریف نے مریم نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب میں بہترین کام کر رہی ہیں اور ان کی دن رات یہی کوشش ہے کہ عوام کو زندگی میں آسانیاں فراہم کی جائیں۔
اس سے قبل امریکا میں نواز شریف نے بتایا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پی آئی اے کی خریداری پر غور کر رہی ہیں اور اس سلسلے میں مشورہ بھی کیا ہے۔ مریم نے تجویز دی ہے کہ اگر ایئرلائن خریدی گئی تو اس کا نام ’ایئر پنجاب‘ رکھا جا سکتا ہے۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ مریم کے پاس پی آئی اے کو خریدنے یا نئی ایئرلائن بنانے دونوں آپشنز موجود ہیں۔
سابق وزیراعظم نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں پی آئی اے کو تباہ کیا گیا، اور پی آئی اے کے پائلٹس کو جعلی قرار دینے والا پی ٹی آئی دور کا وزیر آج چھپا ہوا ہے۔