مختلف کمپنیوں نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق درجہ دوم 12 کلو گھی کا ڈبہ 67 روپے کے اضافے کے بعد 5837 روپے کا ہو گیا ہے، جبکہ ایک کلو درجہ دوم گھی کی قیمت 500 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح، بارہ لٹر آئل کے پیک کی قیمت میں 50 روپے اضافہ ہوا ہے۔
جس کے بعد نئی قیمت 5960 روپے ہو گئی ہے۔ آئل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ایک لٹر آئل کی ہول سیل قیمت 497 روپے اور پرچون قیمت 505 سے 510 روپے فی لٹر تک پہنچ چکی ہے۔دوسری جانب ملک میں ہفتہ رفتہ کے دوران ٹماٹر ،چکن ، پیاز ، چینی ، دال ماش اور آٹے سمیت روزمرہ استعمال کی12اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور27کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ واربنیادوں پر0.10فیصد اورسالانہ بنیادوں پر14.45فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیا۔
ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 31اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں روزمرہ استعمال کی12اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور27کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ اس کے برعکس 12اشیاء کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا۔
ٹماٹرکی قیمت میں 11.02فیصد،چکن 10.57فیصد،پیاز1.68فیصد،کیلا1.24فیصد، چینی 1.20فیصد، دال ماش 0.98فیصد،گڑ0.69فیصد، اورآٹا کی قیمت میں 0.43فیصد کی کمی ہوئی۔ اس کے برعکس انڈوں کی قیمت میں 3.40فیصد،لہسن 2.95فیصد،ایل پی جی 1.92فیصد،سرسوں کاتیل 1.49فیصد، جلانے کی لکڑی 1.09فیصد،ایک کلوبناسپتی گھی 1.08فیصد،ڈھائی کلوبناسپتی گھی 0.50فیصد،آلو0.30فیصد اوردہی کی قیمت میں 0.20فیصد کااضافہ ہوا۔
سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.36فیصدکی کمی ہوئی۔ 17733روپے سے لیکر22888روپے، 22889روپے سے لیکر29517روپے، 29518روپے سے لیکر44175روپے اوراس سے زیادہ ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.40فیصد(کمی)، 0.18فیصد،0.32فیصد، اور0.07فیصد(کمی) ریکارڈکی گئی۔