لاہور ٹریفک پولیس نے سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع رائےونڈ کیلئے ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سالانہ تبلیغی اجتماع رائیونڈ کا پہلا مرحلہ آج مورضہ 31 اکتوبر جمعرات سےشروع ہوکر اتوار 03 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا، اور اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر لاہور عمارہ طاہر نے کہا ہےکہ رائیونڈ اجتماع کے حوالےسے تمام انتظامات مکمل کر لیئے گئے ہیں ۔
رائیونڈ اجتماع کا دوسرا مرحلہ 07 نومبر سے شروع ہوکر 10 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا اورلاہور اور راوئیونڈ میں ٹریفک انتظامات ایس پی صدر شہزاد خان کی مکمل سپرویژن جاری رکھیں گے۔ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 13 ڈی ایس پیز، 203 ٹریفک انسپکٹرز تعینات کیے گئے ہیں اور110 پٹرولنگ افسران، 999 ٹریفک وارڈنز، 10 فوک لفٹرز، 5 بریک ڈاؤنز بھی تعینات کیئے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور عمارہ طاہر کے مطابق رائے ونڈ میں مانیٹرنگ اور سرویلنس کےلئے سپیشل کنٹرول روم اور کیمپ آفس بھی قائم کیا گیا ہے اور شرکاء اجتماع کی گاڑیوں کی پارکنگ کےلئے 7 سٹینڈز بھی مختص کئے گئے ہیں۔ پارکنگ سٹینڈز کے علاوہ کہیں گاڑی پارک کرنے کی اجازت نہیں ہے اورراستہ ایف ایم اور راستہ ایپ کے ذریعے شہریوں کو صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہی دی جائے گی۔ ایمبولینسز اور دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کےلئے تمام روڈز کو کلیئر رکھا جائے گا۔
اس کیساتھ ساتھ ٹریفک وارڈنز کو مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جی ٹی روڈ سے آنے والے شرکاء کو براستہ کالا شاہ کاکو انٹرچینج موٹروے کے ذریعے ٹھوکر نیازبیگ بھجوایا جائے گا۔راولپنڈی، اسلام آباد کی طرف سے آنے والے شرکاء کو براستہ موٹروے ٹھوکر نیازبیگ رائے ونڈ بھجوایا جائے گا۔اوکاڑہ کی طرف سے آنے والے شرکاء براستہ مانگابائی پاس رائیونڈ اجتماع میں پہنچیں گے۔
قصور کی طرف سے آنے والے شرکاء براستہ للیانی صوئے آصل پارکنگ میں جاسکیں گئے اور بھٹی چوک سے آنے والی گاڑیوں کو برہان چوک براستہ بارہ آئل ملز چوک پارکنگ میں بھجوایا جائے گا۔ اسیطرح خواص روڈ اور سندر روڈ کو ایمرجنسی گاڑیوں کیلئے کلیئر رکھا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور نےکہا ہےکہ کوئی بھی گاڑی شاہدرہ چوک یا سگیاں پل، بند روڈ سے رائے ونڈ نہیں بھجوائی جائے گی اور دیگر صوبوں سے آنے والے شرکاء موٹروے اور لاہور رنگ روڈ استعمال کریں گے۔