سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ان کے بارے میں چلائی جانے والی خبریں کہ انہوں نے پیپلز پارٹی جوائن کر لی ہے، بے بنیاد ہیں۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ وہ لاہور میں موجود ہیں اور کسی دوسری پارٹی میں شمولیت کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فواد چودھری کے بارے میں یہ کہنا چاہوں گا کہ وہ زیادہ گولہ باری کر رہے ہیں، اور انہیں ہاتھ ہلکا رکھنے کا مشورہ دیا۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 9 مئی کے واقعات کے سلسلے میں اسد عمر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے پوچھا کہ کیا اسد عمر شامل تفتیش ہوئے ہیں، جس پر ان کے وکیل نے تصدیق کی کہ وہ شامل تفتیش ہو چکے ہیں۔
پولیس افسر نے بتایا کہ تینوں مقدمات کے تفتیشی افسر عدالت میں موجود نہیں ہیں، جبکہ اسد عمر کے وکیل نے کہا کہ وہ جے آئی ٹی میں پیش ہوئے ہیں اور ان کے پاس ویڈیو بھی موجود ہے۔
پولیس افسر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اسد عمر شامل تفتیش نہیں ہوئے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 14 ماہ سے عبوری ضمانتیں جاری ہیں اور اسد عمر تین بار پیش ہو چکے ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈی ایس پی لیگل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔