نیوزی لینڈ کا اسٹوڈنٹ ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند طلبا کو درخواست کے ساتھ لازمی دستاویزات کے علاوہ مناسب مالی وسائل کے ثبوت بھی فراہم کرنا ہوں گے۔
ویزے کے حصول کے بعد، طلبا نیوزی لینڈ میں تعلیم کے دوران ہفتے میں 20 گھنٹے تک جز وقتی کام کرنے کے اہل ہوں گے، جبکہ چھٹیوں کے دوران وہ مکمل وقت بھی کام کر سکتے ہیں۔ تاہم، کام کرنے کی اجازت کا انحصار ویزا کی شرائط پر ہوگا۔ اسٹوڈنٹ ویزا عموماً اتنی مدت کے لیے جاری کیا جاتا ہے جتنی مدت کے لیے طالبعلم نے فیس کی ادائیگی کی ہو۔
اگر کسی طالبعلم کا پاسپورٹ اس کی تعلیم کی آخری تاریخ سے قبل ختم ہو جاتا ہے تو نیوزی لینڈ کے حکام کی جانب سے اسٹوڈنٹ ویزا مختصر وقت کے لیے جاری کیا جا سکتا ہے۔
طلبا کو سالانہ 20,000 نیوزی لینڈ ڈالر یا ماہانہ 1,667 ڈالر کے مطابق فنڈز کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔ کمپلسری تعلیم میں زیر تعلیم طلبا کے لیے یہ رقم سالانہ 17,000 یا ماہانہ 1,417 ڈالرز ہوگی۔ مزید برآں، درخواست دہندہ کو انگریزی زبان میں مہارت ہونی چاہیے۔
ویزا فیس اور دیگر اخراجات:
پاکستان میں نیوزی لینڈ اسٹوڈنٹ ویزا فیس 145,800 روپے ہے، جبکہ ویزا ایپلیکیشن سینٹر کی فیس 6,700 روپے ہے۔ درخواست مسترد ہونے کی صورت میں ویزا فیس واپس نہیں کی جائے گی۔