وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی اہم ملاقات

وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی اہم ملاقات

وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان حالیہ ملاقات میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

 ملاقات میں وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے خادم حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے محمد بن سلمان کی دور اندیش قیادت کی تعریف کی اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے حوالے سے سعودی عرب کی حمایت پر شکر گزار ہوئے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اقتصادی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر اعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری کی قیادت میں حالیہ اعلیٰ سطحی وفد کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے اس دورے کے دوران دستخط کردہ مفاہمت کی یادداشتوں کا حوالہ دیا، جو پاک سعودی معاشی تعلقات کے فروغ کی بنیاد فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی وژن 2030 پاکستان کی کلیدی پالیسی مقاصد کے ساتھ ہم آہنگ ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان مذہبی اور ثقافتی تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری اسرائیلی جارحیت پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر اس ملاقات کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اس بات کا ذکر کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات وقت کی ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافت، اختراعات، اور ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو مستحکم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *