عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 5فیصد کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق یکم نومبر سے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر3.29روپے اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 3.13روپے کمی کا امکان ہے۔ یہ قیمتیں یکم نومبر سے آئندہ 15دن کیلئے لاگوہوں گی۔ ماہرین کے مطابق بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اثر انداز ہوگی۔
اس سے پہلے 16اکتوبر کو حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں 3.04روپے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت میں 4.07روپے فی لیٹر کی کمی کی گئی تھی۔آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے اوگرا چئیرمین کو ایک خط میں ہونیوالے بھاری نقصان سے آگاہ کیا تھا۔
آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) کی جانب سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ حکومت نے 16 اکتوبر سے پرائسنگ فارمولے میں انحراف کرتے ہوئے قیمتوں کو کم رکھا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ڈیزل پر کسٹم ڈیوٹی کو 15.16 روپے سے کم کر کے 13.26 روپے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔ یہ تبدیلیاں ممکنہ طور پر مارکیٹ پر اثر انداز ہو سکتی ہیں اور عوام کے لیے سہولت کا باعث بن سکتی ہیں۔