اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پرسعودی عرب روانہ ہوگئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ریاض میں 29 سے 31 اکتوبر کو ہونے والے آٹھویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں شرکت کریں گے۔ آٹھویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کانفرنس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے متعدد ممالک شرکت کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کانفرنس میں متعدد ممالک اپنے معیشت کی خصوصیات پر روشنی ڈالیں گے اور سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار مستقبل کیلئے مشاورتی عمل کا حصہ بنیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ آٹھویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کانفرنس میں مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، تعلیم، توانائی، خلا، صحت عامہ اور پائیدار ترقی کے حوالے سے دنیا کو درپیش مسائل کےحل پر مشاورت ہوگی۔
دو روزہ دورے میں وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی ہوگی۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات، تجارت، توانائی، معدنیات، زراعت اور دفاع کے شبعوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوگا۔
وزیراعظم کے ہمراہ دورے میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر نجکاری عبدالعلیم خان، وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ شامل ہیں۔