امریکی صدر جو بائیڈن نے صدارتی ا نتخابات کے لئے گزشتہ روز قبل از وقت پولنگ ڈے کے تحت اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا، بائیڈن نے 40 منٹ قطار میں کھڑے ہو کر ووٹ کاسٹ کیا۔
تفصیلات کے مطابق جو بائیڈن کی جب ووٹ ڈالنے کی باری آئی تو انہوں نے اپنی شناختی دستاویزات الیکشن ورکر کے سپرد کیں ۔ الیکشن ورکر نے صدر بائیڈن سے فارم پر دستخط کروایا اور اعلان کیا جوزف بائیڈن اب ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق عالمی وباء کورونا کے دوران پہلی بار ہجوم اور رش سے بچنے کیلئے امریکا میں قبل از پولنگ ڈےووٹ کاسٹ کرنے کی سہولت متعارف کرائی گئی تھی۔ اس سہولت سے بزرگ شہری اور بیمار افراد مستفید ہوسکتے ہیں۔
اس کامیاب تجربے کو کورونا وبا ءکے بعد بھی سہولت کے طور پر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جس کے تحت امریکا کی متعدد ریاستوں میں قبل از پولنگ ڈے ووٹ کاسٹ کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر سابق امریکی صدر 100 سالہ جمی کارٹر نے بھی اس سے فائدہ اُٹھایا۔
یہ بھی پڑھیں:برطانیہ:غیر ملکی سیزنل ورکرز کے لیے 43 ہزار ویزے جاری کرنے کا اعلان
ادھر حکمراں جماعت کی صدارتی امیدوار اور جوبائیڈن کی قریبی ساتھی کملا ہیرس نے اپنی انتخابی مہم کو مزید تیز کردیا ہے۔ دوسری جانب ان کے حریف امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ بھی ملک کی نائب صدر کملا ہیرس کی پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔