پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی کے بیرون ملک سفر کرنے پر دوبارہ پابندی عائد کر دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب نے ان کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل کر دیا ، جس کی وجہ سے وہ اب بیرون ملک نہیں جا سکیں گے۔ چوہدری پرویز الہٰی اینٹی کرپشن پنجاب کے ایک مقدمے میں مطلوب ہیں اور اس ضمن میں تحقیقات جاری ہیں۔ اس صورت حال کے پیش نظر ان کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
رواں ماہ کے شروع میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چوہدری پرویز الہٰی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے خارج کیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شمس محمود مرزا نے اس کیس کی سماعت کی، جہاں ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ چوہدری پرویز الہٰی، زارا الہٰی اور راسخ الہٰی کا نام پی سی ایل سے نکال دیا گیا ہے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کا خاندان عمران خان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور عوام خود اپنے ہیرو کے لیے باہر نکلتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اب صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیڈر بن چکے ہیں اور موجودہ سیاسی عدم استحکام تحریک انصاف کے انتخابی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کا نتیجہ ہے۔
چوہدری پرویزالہٰی نے یہ بھی کہا کہ ان پر جتنے بھی جھوٹے مقدمات بنائے جائیں، اب ظلم کے بادل چھٹنے والے ہیں اور انہیں عدلیہ پر پورا یقین ہے کہ عمران خان جلد عوام کے درمیان ہوں گے۔