چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت فل کورٹ اجلاس آج منعقد ہوا اور رجسٹرار سپریم کورٹ نے ججز کو زیر التواء مقدمات پر بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں اس وقت 59ہزار 191 مقدمات زیر التواء ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت فل کورٹ اجلاس کے جاری اعلامیہ میں جسٹس منصور علی شاہ نے سہ ماہی اور چھ ماہی پلانز کی تجویز دی اورکارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے آئندہ فل کورٹ اجلاس دو دسمبر میں منعقد کرنے پر اتفاق ہوا۔
رجسٹرار سپریم کورٹ نے ججز کو زیر التواء مقدمات پر بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں اس وقت 59ہزار 191 مقدمات زیر التواء ہیں۔
فل کورٹ اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ خصوصی بنچز دیوانی اور فوجداری مقدمات کو نمٹائیں گے۔فل کورٹ اجلاس میں زیرالتواء مقدمات نمٹانے کیلئے حکمت عملی پر غور کیا گیا اور جسٹس منصور علی شاہ نے ویڈیو لنک سے فل کورٹ اجلاس میں شرکت کی۔
فل کورٹ اجلاس کے جاری اعلامیہ کے مطابق فل کورٹ اجلاس کو زیرالتواء مقدمات نمٹانے کے حوالے سے ماہانہ پلاننگ پر بھی بریفننگ دی گئی اور پلاننگ پر عملدرآمد کیلئے چیف جسٹس نے مختلف تجاویز پر مشاورت کی۔
چیف جسٹس نے زیر التواء مقدمات کے حوالے سے ججز کی رائے اور دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔