پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو دورہ آسٹریلیا اور زمبابوے کے لیے قومی وائٹ بال ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جیسن گلیسپی پہلے ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ بطور ریڈ بال ہیڈ کوچ کام کر رہے ہیں۔ آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف وائٹ بال سیریز کے بعد پی سی بی نئے ہیڈ کوچ کی تقرری کرے گا، جس کے بارے میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ نیا وائٹ بال ہیڈ کوچ ملکی ہو گا۔
اسی دوران پی سی بی نے گیری کرسٹن کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے، جو آج صبح پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی ہوئے۔ ان کی جگہ جیسن گلیسپی کو عبوری طور پر ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، جو اس وقت ٹیم کے ساتھ مزید تجربات کا موقع فراہم کریں گے۔