اسلام آباد: یکم نومبر سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2 سے 3 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے، جس کی وجہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں معمولی کمی بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی اوسط قیمتوں میں گزشتہ پندرہ دنوں کے دوران بالترتیب تقریباً 1.5 ڈالر اور 2.5 ڈالر فی بیرل کمی ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں یکم نومبر سے پیٹرول 3 روپے اور ڈیزل 2 روپے 30 پیسے فی لیٹر سستا ہو سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کا فی بیرل ریٹ 77.5 ڈالر سے گھٹ کر 76 ڈالر اور ڈیزل کا نرخ 86.5 ڈالر سے کم ہو کر 84 ڈالر پر آ گیا ہے۔ موجودہ ڈپو قیمتیں پیٹرول کی 247 روپے 3 پیسے اور ڈیزل کی 251 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہیں۔
یاد رہے کہ 15 اکتوبر کو حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جبکہ پیٹرول کی قیمت کو برقرار رکھا گیا تھا۔