افغانستان اے ٹیم نے پہلی بار ایمرجنگ ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

افغانستان اے ٹیم نے پہلی بار ایمرجنگ ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

افغانستان اے نے سری لنکا اے کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار ایمرجنگ ٹیمز ٹی 20 ایشیا کپ جیت لیا۔

اومان میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے کپتان نوانیڈوفرنینڈو نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، سری لنکا کی ٹیم ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار نظر آئی جب میچ کے پہلے دو اوورز میں ہی اوپنرز یشودھا لنکا 1 اور لاہیرو اودارا 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہی اور محض 65 رنز کے اسکور پر ہی سری لنکا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

سری لنکن کپتان نوانیڈوفرنینڈو 4،  اہان وکرما سنگھے 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، 15 رنز پر 4 کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے کے بعد پانچویں وکٹ پر سہان آراچیگے اور پون رتنائکے نے 50 رنز کی شراکت داری قائم کرکے اننگز کو سنبھالا اور اسکور کو 65 رنز تک پہنچایا، پون رتنائکے 20 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی باڈی بلڈر عبدالمجید نے مسٹر یونیورس کا ٹائٹل جیت لیا

مشکلات میں گری سری لنکن ٹیم کو سیہان ارکیچگے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک مستحکم ٹوٹل تک پہنچایا، انہوں نے 47 گیندوں پر 64 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل تھے۔

افغانستان کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے سری لنکا مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز ہی بنا سکی، افغانستان کی جانب سے بلال سمی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں 22 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اللہ محمد غضنفر نے 2 شکارکیے۔

134 رنز کے ہدف کے تعاقب  میں افغانستان اے کا آغاز اچھا نہ تھا اور دوسری اننگز کی پہلی ہی گیند پر اوپنر زبید اکبری بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے تاہم دوسری وکٹ پر درویش رسولی اور صدیق اللہ عطل کی 43 رن کی شراکت داری نے اسکور کو 43 رنز تک پہنچایا، درویش رسولی 24 رنز بنا کر دوشن ہیمانتھا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد وکٹ پر صدیق اللہ عطل کا ساتھ دینے کریم جنت آئے اور انہوں نے تیسری وکٹ پر 52 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا اسکور 95 رنز تک پہنچایا اور میچ کو افغانستان کی جھولی میں ڈال دیا، کریم جنت 33 رنز بنا کر ایشان ملنگا کا شکار بنے، ان کی اننگز میں 3 چھکے شامل تھے۔

افغانستان ٹیم نے ہدف با آسانی 18.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ایونٹ کا ٹائٹل پہلی بار اپنے نام کیا، صدیق اللہ اتل 55 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

فائنل میں 14 رنز کے عوض 2 وکٹیں لینے پر اللہ محمد غضنفر میچ کے بہترین اور ایونٹ میں مجموعی طور پر 318 رنز اسکور کرنے پر صدیق اللہ اتل ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *