نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی تقریب حلف برداری کا شیڈول سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق نامزد چیف جسٹس کی حلف برداری تقریب ہفتے کی صبح 11 بجے ایوان صدر میں منعقد ہوگی، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری نامزد نو منتخب چیف جسٹس سے حلف لیں گے۔
حلف برداری تقریب کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، تقریب میں شرکت کے لیے مہمانوں کو دعوت نامے بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے رجسٹرار آفس کو آئینی بنچ کے حوالے سے نئی پالیسی فراہم کی ہے، جس کے تحت ان کیسز کو الگ کیٹیگری میں رکھا جائے گا جن میں قانون چیلنج کیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ میں آئینی بنچز کے تحت مقدمات کی منتقلی کا عمل جاری ہے۔ یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں ایک 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس دوران اسلام آباد میں شُفہ سے متعلق مقدمہ آئینی بنچ کو منتقل کیا گیا۔ جسٹس شاہدوحید نے کہا کہ اس کیس میں آئینی شقوں کی تشریح کی ضرورت ہوگی اور اسے آئینی بنچ کو منتقل کیا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار کونسل کاعشائیہ
وکیل سلمان اسلم بٹ نے بھی اس بات کی تائید کی۔ چیف جسٹس آفریدی نے واضح کیا کہ انہوں نے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی ہے کہ آئینی بنچ سے متعلق تمام کیسز کی ایک علیحدہ کیٹیگری بنائی جائے اور آئین کی تشریح کی ضرورت والے مقدمات کو بھی مسلسل منتقل کیا جائے گا۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز بھی سپریم کورٹ کے مختلف بنچز نے کئی مقدمات آئینی بنچ میں منتقل کیے تھے۔