ایپل کی جانب سے آئی فون ایس ای 4 کی تیاری کے حوالے سے کئی رپورٹس سامنے آ چکی ہیں۔
حالیہ لیکس کے مطابق آئی فون ایس ای 4 کو 2025 کی پہلی سہ ماہی کے دوران متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ یہ نیا ماڈل آئی فون ایس ای (2022) کی جگہ لے گا اور اس کے ڈیزائن میں بھی تبدیلیاں متوقع ہیں۔
لیک معلومات کے مطابق آئی فون ایس ای 4 بنیادی طور پر آئی فون 14 کے ڈیزائن پر مبنی ہوگا، جس میں ہوم بٹن کی موجودگی نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ اس میں فیس آئی ڈی کے آپشن کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔ نئی معلومات کے مطابق آئی فون ایس ای 4 کی پروڈکشن دسمبر 2024 میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
معروف تجزیہ کار منگ چی کو نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پروڈکشن دسمبر میں شروع ہوگی اور مارچ تک اسے صارفین کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔ سابقہ لیکس میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ آئی فون ایس ای 4 کے بیک پر 48 میگا پکسل کا کیمرا موجود ہو سکتا ہے۔ مزید برآں اس کا ڈسپلے گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں بڑا ہوگا، جس میں 6.06 انچ کی اسکرین دیے جانے کی توقع کی جا رہی ہے۔
فی الحال آئی فون ایس ای (2022) ایپل کا سستا ترین ماڈل ہے۔ جو 429 ڈالرز میں فروخت ہو رہا ہے۔ نئے ماڈل کے متعارف ہونے سے ایپل کے صارفین کو مزید آپشنز ملیں گے۔