گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سندھ سول سروینٹ ترمیمی بل 2024 پر دستخط کر دیے، جس کے بعد یہ بل قانون کا حصہ بن گیا۔ ترمیمی بل یکم جولائی 2024 سے نافذ العمل ہوگا۔
اس بل کے تحت سندھ سول سرونٹس ایکٹ کے سیکشن 13 اور 20 میں ترامیم کی گئی ہیں۔ نئے قانون کے مطابق یکم جولائی 2024 سے بھرتی ہونے والے سرکاری ملازمین کو پنشن اور گریجویٹی کے فوائد ملیں گے۔
ہر سرکاری ملازم 20 سال کی سروس کے بعد ریٹائرمنٹ اور پنشن فوائد حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔نئے قانون میں قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری ملازمین کو ریٹائر کرنے کی بھی اجازت ہوگی۔
ترمیمی قانون کے اطلاق کے بعدسرکاری ملازمین کنٹریبیوٹری پنشن فوائد حاصل کریں گے۔یکم جولائی 2024 سے قبل بھرتی ہونے والے ملازمین مروجہ قواعد کے تحت پنشن کے حقدار ہوں گے۔ انتقال کی صورت میں ملازم کی فیملی کو پنشن نئے قانون کے تحت فراہم کی جائے گی۔
نئے قانون کا مقصد حکومت کے مالی اخراجات کو کم کرنا ہے اور اس کے نفاذ سے کنٹریبیوٹری پنشن اسکیم بھی لاگو ہوگی۔ حکومت اور ملازمین ہر ماہ پنشن فنڈ میں اپنا شیئر جمع کرائیں گے۔