چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت ایک اہم مشاورتی اجلاس ختم ہو گیا ہے، جس میں قانونی ٹیم نے مخصوص نشستوں پر معطل ارکان کی بحالی کی تجویز پیش کی ہے۔
یہ اجلاس پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے منعقد ہوا اور اس میں الیکشن کمیشن کے تمام ممبران، متعلقہ حکام، اور قانونی ماہرین نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق یہ اجلاس ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا اور اس میں الیکشن ایکٹ پر عملدرآمد کی حتمی تجویز دی گئی۔ قانونی ٹیم کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کے منظور کردہ قانون کی پابندی ہر ادارے پر لازم ہے اور حالیہ ترمیم کے بعد سپریم کورٹ کا فیصلہ غیر موثر ہو جاتا ہے۔
اجلاس کے دوران سیکریٹری قومی اسمبلی نے بھی الیکشن کمیشن کا دورہ کیا، جبکہ ممکنہ طور پر آج مخصوص نشستوں کے حوالے سے کوئی فیصلہ یا نوٹیفکیشن جاری کیا جا سکتا ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں کا حقدار قرار دیا تھا، جس کے بعد حکومت اور اس کی اتحادی جماعتوں کی ایوان میں دو تہائی اکثریت متاثر ہوئی۔ اس فیصلے کے نتیجے میں حکومت نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 پیش کیا، جو اگست میں قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور ہوا۔