جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان 26 ویں آئینی ترامیم کے معاملے پر مشاورت کے لیے نواز شریف سے ملاقات کے لیے لاہور پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان مجوزہ 26 ویں آئینی ترامیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے سرگرم ہیں اور وہ اب ن لیگ کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔ نواز شریف آج جاتی امرا میں فضل الرحمان اور بلاول بھٹو کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے، جس میں مجوزہ آئینی ترامیم پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
خٰیال رہے کہ اس سلسلے میں گزشتہ روز بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان نے کراچی میں چار گھنٹے طویل ملاقات کی، جس میں آئینی ترامیم کے مسودے پر اتفاق ہوا۔ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ آئینی ترامیم پر ن لیگ کے ساتھ بھی اتفاق ہو جائے۔ مولانا فضل الرحمان نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ بلاول بھٹو کا اس اتفاق رائے میں اہم کردار رہا ہے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ وہ نواز شریف سے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔
ایک صحافی کے سوال پر کہ آیا آپ کی بلاول سے ملاقات میں آئینی عدالت یا آئینی بینچ پر اتفاق ہوا، مولانا فضل الرحمان نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ “بیٹا، ہم نے یہ بال دھوپ میں سفید نہیں کیے ہیں۔”