جمعیت علمائے اسلام اور پیپلزپارٹی کے درمیان آئینی ترمیم کے مسودے پر اتفاق ہوگیا۔
مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو کے درمیان 26 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بلاول ہاؤس میں 3 گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے، مذاکرات کے بعد پاکستان پیپلر پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ہماری دونوں جماعتوں کا آئینی ترمیم کے مسودے پر اتفاق ہو گیا ہے اور اتفاق رائے میں بلاول بھٹو کا بڑا کردار ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھاکہ کل مولانا فضل الرحمان، نواز شریف سے مل رہے ہیں اور ہمیں بھی کھانے کی دعوت دی گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پرامید ہوں کی جے یوآئی اور پیپلز پارٹی میں اتفاق ہوا ہے بل کی بنیاد یہی اتفاق رائے بنے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی خواہش ہے پی ٹی آئی کے ساتھ بھی اتفاق ہو جائے، اتفاق رائے سے بہتری آئے گی، دعاگو ہیں مولانا فضل الرحمان اتفاق رائے کے مشن میں کامیاب ہوں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیشہ کامیاب آئین سازی میں پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کا کردار رہا ہے، ہماری جے یو آئی کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ مزید بہتر ہو گی، پہلے نوازشریف سے اتفاق رائے پیدا کر لیں پھر میڈیا سے شیئر کریں گے۔