پشاور(عظمت گل ) خیبر پختونخوا پولیس ترمیمی ایکٹ 2024 کا نیا ڈرافٹ تیار کرلیا گیا۔مجوزہ پولیس ترمیمی ایکٹ 2024 پر پولیس افسران کے تحفظات کے بعد نیا ڈرافٹ تیار کیاگیا۔ نیا ڈرافٹ پولیس حکام اور قانونی ماہرین کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔
پولیس ایکٹ سیکشن 9 کے تحت وزیراعلی سے اختیار واپس لے لیا گیا اور آر پی اوز ڈی پی اوزکے تقرریوں اور تبادلے سمری کے ذریعے کئے جائینگے۔ ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز و انٹرنل پوسٹنگ ٹرانسفر آئی جی کا اختیار ہوگا۔پبلک سروس کمیشن میں ایم این ایز اور ایم پی ایز بھی شامل ہونگے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔بل میں پبلک سیفٹی کمیشن میں تعداد 3 سے بڑھاکر 5 جبکہ دورانیہ 3 سے 4 سال کردیاہے۔ سیفٹی کمیشن کمیشن کے آزاد ممبر کو حکومت نامزد کرے گی، باقی ممبران پبلک سروس کمیشن کے چئیرمین اور صوبائی محتسب نامزد کرینگے۔
ترمیمی مسودے کے مطابق کمپلینٹ اتھارٹی سنٹر کی بجائے اب ریجنل سطح پر ہونگے۔کمپلینٹ اتھارٹی سنٹر کے 5 ممبران ہونگے۔پولیس انوسٹیگیشن کو دوبارہ بحال کردیا گیا جبکہ آپریشن کا پورا سسٹم پہلے کی طرح پولیس کے ماتحت ہوگا۔پولیس آفیسرز کی تقرری اور تبالوں کا اختیار براہ راست وزیراعلی کے پاس ہوگا۔
نئے قانونی مسودے کی دوبارہ کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔ بیوروکریسی کے ذریعے تقرری اور تبادلوں پر پولیس حکام نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔پولیس حکام نے وزیراعلی اور اسپیکر کے پی اسمبلی کو بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔