پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بلوچستان کے صدر داؤد شاہ کوئٹہ میں پولیس نے گرفتار کر کے کینٹ تھانے منتقل کر دیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ محمد بلوچ نے بتایا کہ داؤد شاہ کو امن کے خطرے کے پیش نظر تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا۔ یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب وہ سبی میں ہونے والے ایک جلسے میں شرکت کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔
پارٹی رہنماؤں کے مطابق داؤد شاہ کو سریاب کسٹم کے قریب گرفتار کیا گیا اور بعد میں انہیں کینٹ تھانے منتقل کر دیا گیا۔ پی ٹی آئی کے رہنما اس گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دے رہے ہیں اور اس کے خلاف احتجاج کی دھمکی دی ہے۔
داؤد شاہ کی گرفتاری کے بعد دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی اس معاملے پر آواز اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔