پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے روپوش رہنما عظیم لکھوی منظر عام پر آ گئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عظیم لکھوی نے وضاحت کی کہ انہیں اغوا نہیں کیا گیا، بلکہ وہ اپنی مرضی سے خیبرپختونخوا میں ہیں۔انہوں نے نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی معلومات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کی ہدایات کے مطابق وہاں موجود ہیں۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو انہیں کسی دوسرے صوبے سے اٹھایا جا سکتا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت وہ اکیلے ہیں، اور ان کے ساتھ کوئی اور ایم این اے نہیں ہے۔ مختلف افراد کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ مبین عارف کی فیکٹری کی بجلی بند کر دی گئی اور گرانے کے لیے مشینری بھیجی گئی۔
عظیم لکھوی نے یہ بھی ذکر کیا کہ جاوید اقبال وڑائچ کا ڈیرہ منہدم کر دیا گیا، شیخ وقاص کا پیٹرول پمپ سیل کر دیا گیا، اور حاجی امتیاز کے بھائی کے گھر پر حملہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کارروائیاں لوگوں کو اکٹھا کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔