لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے بھارتی صحافی برکھا دت نے لاہور میں ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی صحافی برکھا دت کی نواز شریف کے ساتھ یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس کی تیاریوں کے پس منظر میں ہوئی، جس میں دیگر ممالک کے وفود پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ چینی وزیراعظم بھی آج اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ اس وقت اجلاس کی کوریج کے لیے کئی ممالک کے میڈیا نمائندے پاکستان میں موجود ہیں۔
قبل ازیں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سبرامینم کے دورہ پاکستان کا بھی اعلان کیا گیا تھا، جس کا مقصد شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت ہے۔ بھارتی دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ کا دورہ شیڈول کیا گیا ہے۔
اس دوران بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کے دوران دو طرفہ مذاکرات کے امکان کو مسترد کر دیا۔ ایک تقریب میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے توقع ہے کہ میڈیا کی بھرپور توجہ ہوگی کیونکہ تعلقات کی نوعیت ایسی ہے، لیکن یہ اجلاس کثیرالملکی ہوگا۔