چینی وزیراعظم لی چیانگ نے کہا ہے کہ پاکستان کی مہمان نوازی سے متاثر ہوا، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان حکومت کی 23ویں میٹنگ میں شرکت کرنے پر خوش ہیں۔
انہوں نے اس دورے کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان وسیع اور گہرے تبادلوں کی توقع ظاہر کی۔ لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان اپنی اصلاحات اور ترقیاتی کوششوں کے لیے پرعزم ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ تاریخی اور نتیجہ خیز دورہ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط اور گہرا کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم موجودہ اقدامات بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے اور باہمی فائدہ مند تعاون کی نئی راہیں تلاش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین کی اسٹریٹجک تعاون پارٹنرشپ ہر موسم میں علاقائی استحکام اور خوشحالی کا سنگ بنیاد ہے۔