گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاق سے مسائل کے حل کے لیے دلیل کی بنیاد پر متحد ہوکر اپنے حقوق حاصل کرینگے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خیبر میں جاری پشتون جرگہ میں شرکت کی، انہوں نے مہمانوں کے لیئے بنائے گئے خصوصی پنڈال میں پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے پشتون عمائدین سے ملاقاتیں کیں ۔
گورنر خیبرپختونخوا نے نماز مغرب قبائلی عمائدین کے ہمراہ پنڈال میں ادا کی جس کے بعد انہوں نے مرکزی سٹیج پر جرگہ کے شرکاء سے خطاب کیا ۔
گورنر خیبرپختونخوا نے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پشتون قوم اور ہمارے خطہ کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دلیل کی بنیاد پر اسمبلی میں صوبائی حقوق کے حصول کی بات کی، پشتون قوم کا پرامن طریقہ سے دلائل کے زریعے مسائل کے حل کے لیئے اکٹھا ہونا انتہائی ضروری اور خوش آئند ہے۔
فیصل کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جس نے اس ملک میں قیام امن کے لیئے سب سے زیادہ قربانیاں دیں، ہم نے اپنی قیادت شہید کرائی اور پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا ، ہمارے شہریوں، افواج پاکستان ، پولیس کے نوجوانوں کی قربانیاں بھی کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ ہمیں ملک دشمنوں کے عزائم ناکام بنانے ہیں اس وطن اور اس خطہ میں قیام امن کے لیے دی گئی اپنی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینا ، انشاءاللہ ہم متحد ہوکر مرکز سے اپنے حقوق حاصل کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خواہ کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے جس کے خلاف ہم سب نے مل کر ایک ہونا ہوگا ،اسی تناظر میں فوج پچھلے 24 سالوں سے دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لیے قربانیاں دے رہی ہے ۔
گورنر کے پی نے مزید کہا کہ ہم بحیثیت پشتون قوم اس بات کا مضبوط ارادہ رکھتے ہیں کہ فوج کے شانہ بشانہ تمام دہشت گردوں کو اور ان کے سہولت کاروں کو ختم کریں گے تاکہ خیبرپختونخوا میں امن سلامتی اور خوشحالی آئے فوج اور پشتون عوام کی بے بہا قربانیاں ضائع نہ ہوں۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا ، صوبائی اسمبلی کے ممبر احمد کریم کنڈی نے بھی خطاب کیا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری ابرار سعید سواتی ، صوبائی سیکرٹری کوارڈینیشن فرزند علی وزیر بھی انکے ہمراہ تھے۔