پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہرعلی خان نےکہا ہےکہ سیاسی جماعتیں خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے متحد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگومیں بیرسٹر گوہر نے پشاور میں منعقدہ امن جرگے کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے پر روشنی ڈالی ۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں امن کی بحالی کی کوششوں میں سب سے آگے ہوگی۔
تمام شریک جماعتوں نے اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر امن و امان برقرار رکھنے اور قومی پرچم اور آئین کے احترام کے مشترکہ مقصد کیلئے تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ مستقبل میں کسی بھی ریاستی اداروں کے خلاف کوئی نعرہ نہیں لگایا جائے گا ۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی قوم کیلئے ڈاکٹرعبد القدیر خان رول ماڈل ہیں: عوامی تحریک
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ پاکستان کا سبز اور سفید پرچم ہماری سرزمین پر باعزت طریقے سے بلند رہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا مشن تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعمیری بات چیت اور تعاون پر توجہ کے ساتھ پورے ملک میں امن اور استحکام کے گرد گھومتا ہے ۔