اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے سلسلے میں شہریوں کی سہولت کے لیے ایک خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس منصوبے کے تحت 585 سے زائد ٹریفک پولیس افسران پیشہ ورانہ انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ اجلاس کے دوران ملپور سے کشمیر چوک اور ڈھوکڑی سرینہ ہوٹل تک آنے جانے والی ٹریفک بند رہے گی۔ اسی طرح راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک اور سرینہ ملپور تک ہر قسم کی ٹریفک کے علاوہ آبپارہ اور سری نگر ہائی وے سے سرینہ جانے والی ٹریفک بھی معطل رہے گی۔
شہریوں کے لیے متبادل راستوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ مری اور بہارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے شہری کورنگ روڈ، بنی گالا، پارک روڈ، راول ڈیم چوک اور فیض آباد کا استعمال کریں گے۔ فیض آباد سے بہارہ کہو اور مری جانے والے حضرات پارک روڈ اور بنی گالا کے راستے سفر کریں گے۔ اسی طرح سری نگر ہائی وے سے مری اور بہارہ کہو جانے والے شہری چاند تارہ چوک، پاک چین فرینڈ شپ سنٹر، سپورٹس کمپلیکس اور مری روڈ کا راستہ اختیار کریں گے۔
ہیوی ٹریفک کے لیے پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک ٹیکسلا موٹروے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹروے استعمال کرے گی، جبکہ لاہور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد اور راولپنڈی جانے والی ہیوی ٹریفک چک بیلی روڈ سے چکری موٹروے کا استعمال کرے گی۔
چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد، محمد سرفراز ورک نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اجلاس کے دوران متبادل راستوں کا استعمال کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ مزید برآں، شہریوں کو معلومات فراہم کرنے کے لیے ایف ایم ریڈیو 92.4 اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کیا جائے گا۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ اجلاس کے دوران کسی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔