سرکاری ذرائع کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کی تردید کی گئی۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کے حوالے سے چلنے والی خبریں غلط ہیں۔
اس سے پہلے خبر آئی تھی کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے گرفتار کیا گیا اور آئی جی اسلام آباد نے خود ان کو حراست میں لیا۔ علی امین گنڈاپور پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور ریاست پر حملہ آور ہونے کا الزام ہے۔
مزید پڑھیں: سندھ پولیس کی ایک ہزار اہلکاروں پر مشتمل نفری اسلام آباد روانہ
دوسری جانب بیرسٹر سیف نے تصدیق کی ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو باضابطہ طور پر گرفتار نہیں کیا گیا۔ بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا ہاؤس کے باہر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔بیرسٹر سیف نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعلیٰ 25 اکتوبر تک ضمانت پر ہیں اور اگر ان کی گرفتاری کی گئی تو یہ توہین عدالت کے زمرے میں آئے گا۔
انہوں نے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خیبر پختونخوا کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہوگی۔ اس کے علاوہ بیرسٹر سیف نے وفاقی حکومت پر تنقید کی اور اسے “جعلی حکومت” قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جعلی حکومت کو اس قسم کے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کا جواب دینا ہوگا۔
یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف غیر قانونی اسلحہ و شراب کی برآمدگی کے کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔