وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی کے کل ہونے والے احتجاج کی کال پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے اور اگر کل کسی قسم کا ہنگامہ ہوا تو پی ٹی آئی کو نرمی کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان کے دورے پر ہیں اور شہر میں اہم عالمی تقریبات جاری ہیں اس لیے پی ٹی آئی کا احتجاج غیر مناسب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کی انتظامیہ نے احتجاج کے لیے مخصوص جگہ مختص کی ہے لیکن اگر تحریک انصاف نے اپنے احتجاج کی کال جاری رکھی تو کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں کوئی شکوہ نہ کرے کیونکہ سیکیورٹی انتظامات میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا احتجاج، راولپنڈی پولیس نے مظاہرین سے نمٹنے کی تیاریاں کرلیں
وزیر داخلہ نے یہ بھی بتایا کہ سعودی اور چینی وفود بھی پاکستان پہنچ رہے ہیں، جس کے لیے سیکیورٹی کے پیشگی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے بھی اپوزیشن سے احتجاج موخر کرنے کی اپیل کی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ ملک کی بدنامی ہو اور پریشانی کا باعث بنے۔
انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن اس وقت جب عالمی رہنما موجود ہیں، کوئی احتجاج برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمان سے 25 سال کا تعلق ہے، جو کسی کی خواہش پر ختم نہیں ہو سکتا۔