چینی سستی ہوگئی

چینی سستی ہوگئی

مہنگائی کے دور میں عوام کے لیے اچھی خبر ہے کہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں مزید 6 روپے فی کلو کمی ہوگئی ہے۔

کراچی کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 122 روپے فی کلو پر آ گئی ہے جبکہ سرکاری ریٹ لسٹ میں چینی کا نرخ 137 روپے فی کلو برقرار ہے۔ چیئرمین ہول سیل گروسرز عبدالروف ابرہیم نے پیشگوئی کی ہے کہ چینی کی قیمت جلد 100 روپے فی کلو تک پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال گنے کی فصل 20 فیصد زیادہ ہوگی اور چینی کی وافر مقدار موجود ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کمشنر کراچی سرکاری ریٹ لسٹ میں چینی کی قیمت کو سستا کیوں نہیں کر رہے۔

مزید پڑھیں: یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا مہنگا ہوگیا

دوسری جانب پاکستان میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی جب کہ ستمبر 2024 میں کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) 6.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق ستمبر میں مہنگائی کی شرح وزارت خزانہ کی توقعات سے بھی کم رہی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ستمبر 2024 میں مہنگائی کی یہ سطح جنوری 2021 کے بعد سب سے کم ہے۔

گزشتہ ماہ کی نسبت مہنگائی میں 0.52 فیصد کی کمی آئی ہے کیونکہ اگست 2024 میں مہنگائی کی شرح 9.64 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ جولائی تا ستمبر کی سہ ماہی میں اوسط مہنگائی 9.19 فیصد رہی۔ادارہ شماریات کے مطابق ستمبر میں شہریوں میں مہنگائی کی شرح 9.29 فیصد رہی، جب کہ دیہاتوں میں یہ 3.65 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ، ستمبر میں شہروں میں مہنگائی 0.53 فیصد اور دیہاتوں میں 0.50 فیصد کم ہوئی ہے۔

یہ اعداد و شمار حکومت کے لیے ایک مثبت اشارہ ہیں، کیونکہ معیشت میں استحکام کی امیدیں بڑھ رہی ہیں۔مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد ہونے سے عام آدمی کو ریلف ملے گا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی متواتر کمی سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے اور شرح سود کم ہونے سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *